کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے ڈاؤ یونیورسٹی کی جانب سے افغان طلبا کو جاری کیے گئے نوٹس کے خلاف دائر درخواست پر حکم امتناع میں مئی 2027 تک توسیع کردی اور طلبا کو اپنی میڈیکل تعلیم جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
عدالت میں 30 سے زائد افغان طلبا کی درخواست کی سماعت ہوئی، جس میں ان کے وکیل جبران ناصر ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزاروں نے علامہ اقبال اسکالرشپ برائے افغان شہری کے تحت ایم بی بی ایس میں داخلہ لیا تھا اور وہ اس وقت آخری سال کے طالب علم ہیں۔ ان کے پاس پاکستانی اسٹڈی ویزے بھی موجود ہیں۔درخواست گزاروں کے مطابق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے افغان طلبا کی واپسی کے اقدامات اور این او سی جاری کرنے سے متعلق ہدایات دی تھیں، جن کی روشنی میں ڈاؤ یونیورسٹی نے طلبا کو 14 ستمبر تک این او سی حاصل کرنے اور ہاسٹل خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ یونیورسٹی نے افغان طلبا کی فہرست متعلقہ پولیس کو فراہم کردی ہے، جس کے باعث انہیں ہراساں کیے جانے کا خدشہ ہے۔
پی ایم ڈی سی نے طلبا کو کوئی شوکاز نوٹس بھی جاری نہیں کیا، جبکہ محض قومیت کی بنیاد پر زیرتعلیم غیر ملکی طلبا کو تعلیم سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔وکیل کا مؤقف تھا کہ پی ایم ڈی سی، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور ڈاؤ یونیورسٹی تعلیمی و انتظامی ادارے ہیں اور انہیں غیر ملکی شہریوں کے ویزے منسوخ کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔ طلبا کو افغانستان واپس بھیجنے سے ان کی میڈیکل تعلیم مکمل کرنے کا موقع ختم ہوجائے گا۔عدالت نے درخواست پر حکم امتناع میں مئی 2027 تک توسیع کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ بچوں کو پڑھنے دیا جائے اور افغان طلبا کو تعلیم جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے درخواست گزاروں کو لاہور ہائیکورٹ اور دیگر عدالتوں کے متعلقہ احکامات بھی درخواست کے ساتھ منسلک کرنے کا حکم دیا۔واضح رہے کہ افغان طلبا نے جبران ناصر ایڈووکیٹ اور افتخار شاہ ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کی تھی۔






