عظمی بخاری 24

جن کو چندے کھانے کی عادتیں ہوں وہ دوسروں کو بھی یہی درس دینگے’ عظمیٰ بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جن کو چندے اور امداد کھانے کی عادتیں پڑی ہوں وہ دوسروں کو بھی یہی درس دیں گے،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ایک خودار لیڈر کی بیٹی وہ کسی کے سامنے مدد کیلئے ہاتھ نہیں پھیلائیں گی۔

انہوں نے مزمل اسلم کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جس کو دیکھو وہ منہ اٹھاکر پنجاب پر انگلی اٹھانے آجاتا ہے، اپنے صوبوں کی خبر نہیں، دہشتگردی، کرپشن، لاقانونیت اور بیڈ گورننس روزانہ دروازے پر دستک دیتی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بونیر،صوابی اور سوات میں سیلاب سے ہزاروں لوگ متاثرہوئے کیا ان سب کو کے پی حکومت نے امداد دے دی؟

آپکے وزیر اعلی ہر مہینے وفاق کو فنڈز کے لئے خط لکھتے ہیں اور آپ یہاں شیخ چلی کی طرح شیخیاں بکھیر رہے ہیں، کے پی کابینہ کے دو وزراء نے آپکے وزیراعلیٰ کی کرپشن کی کہانیاں سنا کر استعفے دیئے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہاں مریم نواز سیلاب متاثرین کے نام پر قرض یا امداد نہیں مانگیں گی ،جن کو چندے اور امداد کھانے کی عادتیں پڑی ہوں وہ دوسروں کو بھی یہی درس دینگے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 27اضلاع میں سیلاب متاثرین کے سروے کیلئے 1857ٹیمیں مصروف ہیں،سروے ٹیمیں متاثرہ افراد،کسانوں،مکانات،فصلوں اور جانوروں کا سروے کررہی ہیں، پنجاب میں سیلاب سے دس یا بیس لوگ نہیں 45لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، اتنے بڑے پیمانے پر متاثرین کے سروے ایک مہینے میں مکمل ہوگا،مریم نواز خود سیلاب سے متاثرہ ہر فرد کے پاس جاکر انکی مدد کریں گی۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز ایک خودار لیڈر کی بیٹی وہ کسی کے سامنے مدد کیلئے ہاتھ نہیں پھیلائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں