اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن )وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کورونا کےخلاف فرائض انجام دینے والے ڈاکٹرز اور طبی عملہ وزیراعظم کے دل کے بہت قریب ہے، ملک میں لاک ڈاون کے حوالے سے وزیراعظم نے قوم کے مفاد میں فیصلہ کیا ۔ ہفتہ کو کوئٹہ میں ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم کا پیغام لے کر آئے ہیں کہ آپ لوگ ان کے دل کے بہت قریب ہیں،
وزیراعظم ڈاکٹرز اور طبی عملے کے بھی شکر گزار ہیں جو کورونا کےخلاف پرعزم ہیں۔ان کا کہناتھا کہ جو لوگ لاک ڈاون کے حامی ہیں وہ انڈیا کی صورتحال دیکھ لیں جہاں 34فیصد لوگوں کے پاس کھانا ہی نہیں ہے۔ڈاکٹر شہباز گل کا کہناتھا کہ وزیراعظم نے مشکل حالات اور دباو میں بہتر فیصلے کئے، وزیراعظم کا وبائ سے نمٹنے کےلئے وژن پوری دنیا میں مقبول ہوا ہے جبکہ دوسری جانب مکمل لاک ڈاﺅن کو سندھ نے اپنایا مگر مقبول نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کےحوالےسے سخت لاک ڈاون کی پالیسی کامیاب نہیں ہے، ڈاکٹر شہبازگل کا کہناتھا کہ جو کچھ لیڈر کو نظر آتا ہے وہ عام آدمی کو نظر نہیں آتا۔
شہباز گل نے اس موقع پر کہا کہ این ایف سی میں جو کٹوتی کی گئی ہےوفاق اسے جلد پورا کرے گا کوروناوائرس کی وجہ سے محصولات میں کمی ہوئی ہے، تحریک انصاف کے ووٹرز نے ملک میں تبدیلی کے لئے ووٹ دیاتھا، تبدیلی یہ آئی کہ وزیراعظم اپنے گھر کے بل خود ادا کرتے ہیں اور چھ، چھ گھنٹے کے کابینہ کےاجلاسوں میں کھانوں کی بجائے صرف چائے دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تبدیلیوں کےحوالےسے وعدہ پورا کیا، باقی تبدیلیاں جلد آجائیں گی۔اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں ان کا کہناتھا کہ سیاست میں اتحادیوں کے درمیان اختلاف رائے رہتا ہے تمام اتحادیوں کی عزت کرتے ہیں، اظہار رائے ان کا حق ہے ، اتحادیوں سے بات چیت کریں گے۔