آٹے 15

گندم کے بعد آٹا بھی مہنگا، کراچی میں چکی کا آٹا 180 روپے کلو تک پہنچ گیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)گندم کی قیمت میں ایک بار پھر اضافے کے بعد کراچی میں آٹے کے نرخ بھی بڑھ گئے، فلور ملز نے فائن اور ڈھائی نمبر آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، جس کے بعد ڈھائی نمبر آٹا 160، فائن آٹا 175 جبکہ چکی کا آٹا 180 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گندم کی قیمت میں 15 روپے فی کلو اضافے کے بعد نئی قیمت 130 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جس کے اثرات آٹے کی قیمتوں پر بھی پڑے ہیں۔ فلور ملز نے ڈھائی نمبر آٹے کے نرخ میں 15 روپے فی کلو اضافہ کیا ہے، جس کے بعد مل سطح پر اس کی قیمت 145 روپے فی کلو ہوگئی ہے جبکہ خوردہ بازار میں ڈھائی نمبر آٹا 160 روپے فی کلو تک فروخت کیا جارہا ہے۔اسی طرح فائن آٹے کی قیمت میں بھی 13 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے اور خوردہ بازار میں فائن آٹا 175 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔ چکی کے آٹے کی قیمت میں بھی 10 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد یہ 180 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے۔آٹے کے نرخوں میں اضافے سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

شہریوں نے کہا کہ بنیادی ضرورت کی اس اہم چیز کی قیمت میں مسلسل اضافے سے کم آمدنی والے طبقے کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔دوسری جانب فلور ملز کا مؤقف ہے کہ موجودہ مہنگے نرخوں پر گندم خرید کر سرکاری نرخ پر آٹا فروخت کرنا ممکن نہیں۔ ملز مالکان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافے کو روکنے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری طور پر 20 لاکھ ٹن گندم درآمد کی جائے۔فلور ملز مالکان نے کہا کہ گندم کی دستیابی اور قیمت میں استحکام لائے بغیر آٹے کے نرخوں کو قابو میں رکھنا مشکل ہوگا، اس لیے حکومت گندم کی درآمد کے حوالے سے فوری اقدامات کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں