سردار ایاز صادق 26

کوئی بداعتمادی نہیں، امریکہ ایران مذاکرات جلد شروع ہوں گے، ایاز صادق

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کوئی بداعتمادی نہیں، امریکہ ایران مذاکرات جلد شروع ہوں گے۔

صوبائی داراالحکومت کے جنڈیالہ روڈ سے بھیسن گاؤں تک سڑک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ این اے 120 کے ایم پی ایز نے بڑی محنت کی اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے فنڈز لیے ۔

اُنہوں نے کہا کہ اتنے گرم موسم میں سڑکوں کا افتتاح نہ کریں تو یہ منصوبے جون سے قبل مکمل نہیں ہوسکیں گے، میرے قائد نواز شریف کی خصوصی شفقت سے اس قابل ہوئے، اِس سال کے آخر تک ترقیاتی کام مکمل ہوں گے، گزشتہ برس ہندوستان نے پہلگام کا ڈرامہ رچایا جو فلاپ ہوا۔

سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم، فیلڈ مارشل اور ڈپٹی وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستان نے پہلگام واقعہ کی غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا، پھر بھارت نے حملہ کیا اور پاکستان نے دشمن کے دانت کھٹے کیے، پاکستان کو اللہ نے عزت دی اور معرکہ حق میں فتح دلائی۔

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ایک وہ وزیر اعظم تھا جو کہتا تھا کہ کیا میں ہندوستان پر حملہ کردوں، پاکستان کے چین،امریکہ، سعودی عرب، ایران سمیت تمام ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر ہیں، سنتالیس سال سے امریکہ اور ایران ایک جگہ اکٹھے نہیں ہوے لیکن پاکستان نے یہ کر کے دکھایا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہر طرف امن کے قیام کے لیے پاکستان کا نام آتاہے ، پاکستان کی ہر جگہ عزت بڑی، اُن کی عزت نہیں بڑھی جو صرف اپنے لیڈر کی آنکھ کی بات کرتے ہیں، پر امید ہوں کہ ایک دو روز میں پھر سے مذاکرات ہوں گے اور پاکستان میں ہوں گے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جب سے موجودہ حکومت آئی یے پاکستانیوں نے ناامیدی چھوڑ دی ہے، بہت جلد امریکہ ایران مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے، میں تو کہتا ہوں آج ہی اسلام آباد مذاکرات شروع ہوں تاکہ خطے میں امن قائم ہو۔

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کہنے پر ٹرمپ نے پہلے جنگ بندی کی ، ایسے لوگ ایران اور پاکستان کے درمیان بداعتمادی کی باتیں کرتے ہیں جنہیں اڈیالہ سے آگے کچھ نظر نہیں آتا ، ایران پاکستان کے درمیان کوئی بداعتمادی نہیں، ایسی بات ہوتی تو اسحاق ڈار سے ایرانی وزیر خارجہ اتنی لمبی کالیں نہ کرتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں