طارق فضل چوہدری 38

کوئٹہ میں مسافر ٹرین پر خودکش حملہ انتہائی بزدلانہ، انسانیت سوز اور قابلِ مذمت ہے ،طارق فضل چوہدری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں مسافر ٹرین پر ہونے والا خودکش حملہ انتہائی بزدلانہ، انسانیت سوز اور قابلِ مذمت دہشت گردی ہے، معصوم شہریوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں کو نشانہ بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گرد عناصر نہ صرف امن کے دشمن ہیں بلکہ انہیں انسانی جانوں کے تقدس کا بھی کوئی احترام نہیں۔

اتوار کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم اس افسوسناک واقعے میں شہید ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے ناسور کے خا تمہ کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور ایسے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے ہرگز پست نہیں کر سکتے۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔

پاکستان اور بالخصوص بلوچستان کے پرامن عوام دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں