کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ملک میں یوریا کھاد کے بحران، کسانوں کے معاشی استحصال اور حکومتی پالیسیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں یوریا کھاد کی قلت کسانوں کے لیے سنگین مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔
اپنے بیان میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ حکومت ایک جانب کھاد کی وافر دستیابی کے دعوے کر رہی ہے، جبکہ دوسری جانب قومی اسمبلی میں دو لاکھ ٹن سے زائد کھاد کی کمی کا اعتراف کیا جا رہا ہے۔ کسان کھاد کے حصول کے لیے دربدر ہیں، لیکن حکمرانوں کو ان کی مشکلات کا احساس نہیں۔ انہوں نے مصنوعی قلت، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خدشات کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے سوال کیا کہ اگر ملک میں کھاد موجود ہے تو کسانوں کو سرکاری نرخوں پر کیوں دستیاب نہیں؟حلیم عادل شیخ کے مطابق سونا یوریا کی 50 کلوگرام بوری 4 ہزار 711 روپے جبکہ ڈی اے پی کی بوری 16 ہزار 905 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ ایک ایکڑ پر گندم کی کاشت کے لیے صرف دو بوریاں یوریا اور ایک بوری ڈی اے پی خریدنے پر تقریباً 30 ہزار روپے خرچ ہو رہے ہیں، جبکہ بیج، ڈیزل، پانی، بجلی، مزدوری اور زمین کے دیگر اخراجات اس کے علاوہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے گندم کی قیمت 4 ہزار 500 روپے فی من مقرر کی ہے، لیکن کسان کی مجموعی پیداواری لاگت کا حساب کون دے گا؟ 30 من فی ایکڑ گندم پیدا کرنے والے کسان کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 35 ہزار روپے ملتے ہیں، جس میں سے صرف کھاد کے اخراجات نکالنے کے بعد بھی دیگر پیداواری اخراجات باقی رہ جاتے ہیں۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہا کہ کسانوں کو صرف گندم کی قیمت کا اعلان نہیں بلکہ سستی کھاد، سستا ڈیزل اور سستی بجلی درکار ہے۔ حکومتی پالیسیوں اور انتظامی کوتاہیوں کا بوجھ کسانوں پر ڈالنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کے زرعی علاقوں میں کھاد کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے اور کسانوں کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہ چھوڑا جائے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کھاد کی کمپنی وار اور ضلع وار دستیابی کا ریکارڈ فوری طور پر عوام کے سامنے لائیں۔حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ کسان خوشحال ہوگا تو زراعت ترقی کرے گی، لیکن موجودہ پالیسیوں کے باعث کسانوں کی محنت اور سرمایہ دونوں خطرے میں ہیں۔ حکومت کو کسانوں کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔









