کراچی (رپورٹنگ آن لائن)ٹینس اسٹار ارینا سبالنکا نے اپنے رد عمل پر معذرت کر لی، عالمی نمبر ٹو ٹینس پلیئر نے ڈبلیو ٹی اے فائنلز کے میچ میں نامناسب الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے ردعمل دیا تھااس حوالے سے ارینا سبالنکا نے بتایا کہ حالیہ میچ کے دوران میرے ریمارکس ایلینا سویٹولینا کے لیے نہیں تھے، تماشائیوں کا ایک گروپ میری غلطیوں پر جارحانہ انداز میں خوشی کا اظہار کر رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تماشائیوں کے رویے پر میں غصے میں آگئی اور جذباتی ردعمل دیا تھا، مجھے ناراضی کا اظہار مختلف انداز میں کرنا چاہیے تھا۔ارینا سبالنکا نے کہا کہ میرے ردعمل سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو میں معذرت خواہ ہوں، ایلینا سویٹولینا نے عمدہ کھیل پیش کیا، انہیں ٹورنامنٹ کے بقیہ مقابلوں کے لیے میری طرف سے نیک خواہشات ہیں۔
واضح رہے کہ یوکرین کی ٹینس اسٹار ایلینا سویٹولینا نے ارینا سبالنکا کو شکست دے دی، ایلینا سویٹولینا نے ان کو 3ـ6، 6ـ3 اور 1ـ6 سے ہرایا۔شکست کے بعد ارینا سبالنکا کے کورٹ پر غصے کے اظہار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ارینا سبالنکا کو نازیبا الفاظ کہتے دیکھا گیا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے ان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔یوکرین کی ٹینس کھلاڑیوں کی روسی اور ان کے اتحادی بیلارس کے کھلاڑیوں کے ساتھ سرد جنگ جاری رہتی ہے۔









