کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹریفک حادثات کے متاثرین کی یاد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور قابلِ تشویش ہے۔
تیز رفتاری، لاپرواہی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی جان لیوا حادثات کا سبب بنتی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے شہریوں پر زور دیا کہ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ پہنیں، گاڑی چلانے والے سیٹ بیلٹ کا استعمال لازمی بنائیں، دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے سے گریز کریں اور مقررہ حدِ رفتار کی پابندی کریں۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ حکومت سندھ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے ٹریکس نظام متعارف کرایا ہے، جس کے تحت مصنوعی ذہانت سے لیس کیمرے خلاف ورزیاں ریکارڈ کرتے ہیں۔
حکومت نے ہلکی اور بھاری گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی پیشگی تربیت بھی لازمی قرار دی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھاری گاڑیوں میں ٹریکر، ڈیش کیمرے اور دیگر حفاظتی آلات نصب کرنا لازمی کیا گیا ہے، جبکہ ڈرائیوروں کے منشیات ٹیسٹ، گاڑیوں کی فٹنس اور رفتار کی پابندی یقینی بنانے کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے حادثات میں کمی اور انسانی جانوں کا تحفظ ممکن ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ احتیاط سے گاڑی چلائیں، قوانین کا احترام کریں اور اپنی سمیت دوسروں کی جانیں محفوظ بنائیں۔









