محمد جاوید قصوری 12

(کل) ملک گیر پہیہ جام احتجاج، عوام باہر نکلیں’ جماعت اسلامی پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر آج بروز جمعہ 7 اگست کو ملک گیر پہیہ جام احتجاج بھرپور انداز میں کیا جائے گا، جس کے لیے تمام انتظامات اور حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بالخصوص لاہور اور وسطی پنجاب کے مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے، دھرنے اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی، جبکہ اہم شاہراہوں پر احتجاج کے ذریعے عوام اپنے جائز مطالبات اور غم و غصے کا اظہار کریں گے۔ موجودہ حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں، مسلسل مہنگائی، بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ عوام شدید معاشی دباؤ، بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی مشکلات کے باعث سخت مایوسی کا شکار ہیں، جبکہ پڑھے لکھے نوجوان بہتر مستقبل کی تلاش میں ملک چھوڑنے پر مجبور ہو رہے ہیں، جو حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوئی مؤثر منصوبہ موجود نہیں، بلکہ اب تو حکومت کے اپنے نمائندے بھی اپنی ناکامی کا اعتراف کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بے پناہ وسائل کا حامل ملک ہے، مگر نااہل قیادت اور کمزور طرز حکمرانی نے اسے مسائل کی آماجگاہ بنا دیا ہے۔ مضبوط اور شفاف نظام ہی کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہوتا ہے، لیکن بدقسمتی سے موجودہ حکمران اہلیت، صلاحیت اور وژن سے محروم ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ لاہور کی تمام اہم سڑکوں اور وسطی پنجاب کی مرکزی شاہراہوں پر احتجاجی سرگرمیاں ہوں گی اور جماعت اسلامی کی مرکزی، صوبائی، ضلعی اور مقامی قیادت ان مظاہروں، دھرنوں اور ریلیوں میں بھرپور شرکت کرے گی۔ انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ احتجاج کو منظم، پُرامن اور مؤثر بنایا جائے تاکہ عوامی مسائل بھرپور انداز میں اجاگر ہو سکیں۔محمد جاوید قصوری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 7 اگست کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں اور مہنگائی، بے روزگاری، معاشی بدحالی اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کا یہ احتجاج کسی قسم کے ذاتی، سیاسی یا گروہی مفادات کے لیے نہیں بلکہ صرف اور صرف عوام کے حقیقی مسائل، ان کے بنیادی حقوق اور بہتر مستقبل کے حصول کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ عوام متحد ہو کر ظالمانہ معاشی نظام، نااہل حکمرانی اور عوام دشمن فیصلوں کے خلاف پرامن اور جمہوری انداز میں اپنا مؤثر احتجاج کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں