حلیم عادل شیخ 16

کراچی کو اس کا آئینی اور مالی حق دیا جائے، موجودہ بجٹ شہر کے ساتھ ناانصافی ہے، حلیم عادل شیخ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کو اس کا جائز مالی، آئینی اور انتظامی حق دیا جائے، کیونکہ ملک کی معاشی شہ رگ ہونے کے باوجود شہر کو اس کے وسائل اور آبادی کے تناسب سے ترقیاتی فنڈز فراہم نہیں کیے جا رہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی گزشتہ 18 برس کی حکمرانی نے کراچی کو بدترین شہری مسائل سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کے لیے صرف 108 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کرنا کراچی دشمنی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور یہاں کے عوام کے ٹیکس سے ملکی معیشت کا بڑا حصہ چلتا ہے، لیکن اس کے باوجود شہر کو پانی، سڑکوں، صفائی، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت نے ثابت کر دیا ہے کہ اسے کراچی کے عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکے کے بعد اب شہریوں کے مالی اور انتظامی حقوق بھی سلب کیے جا رہے ہیں، جبکہ شہر کے وسائل پر قبضہ اور ترقیاتی فنڈز سے محروم رکھنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کو اس کی آبادی، معاشی اہمیت اور وسائل کے تناسب سے ترقیاتی فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہا کہ ان کی جماعت کراچی دشمن پالیسیوں کا ہر سطح پر سیاسی اور عوامی مقابلہ کرے گی اور کراچی کے عوام کے آئینی، جمہوری اور شہری حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر مو ¿ثر آواز بلند کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں