شازیہ ماریہ 19

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مقصد ہر کشمیری کو برابری کے حقوق، عزت اور مواقع فراہم کرنا ہے،شازیہ مری

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مقصد ہر کشمیری کو برابری کے حقوق، عزت اور مواقع فراہم کرنا ہے۔

اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ہر کشمیری کے روشن اور بااختیار مستقبل کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کشمیری عوام کے حقِ حکمرانی، حقِ ملکیت اور حقِ روزگار کا نعرہ لگایا ہے، یہ کوئی جرم نہیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری چاہتے ہیں کہ کشمیری عوام اپنے فیصلے خود کریں، تو اس میں غلط کیا ہے؟۔مرکزی ترجمان نے ن لیگ کو مشورہ دیا کہ وہ سیاسی اتحادیوں پر حملوں کے بجائے کشمیر کے لیے اپنا لائحہ عمل عوام کے سامنے رکھے۔ کشمیری عوام سیاسی جماعتوں کی الزام تراشی نہیں بلکہ اپنے مسائل کا حل چاہتی ہے۔شازیہ مری نے کہا کہ نواز شریف صاحب آج بھی وہی پرانا بیانیہ دہرا رہے ہیں جس پر تین بار اقتدار میں رہ کر بھی عمل نہ کر سکے۔

عوام اب وعدوں نہیں بلکہ عملی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ روشن مستقبل کی امید عوام نے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت سے وابستہ کر لی ہے۔ کشمیری عوام کا اعتماد پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ مضبوط تھا اور رہے گا۔شازیہ مری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سیاست مساوات، احترام اور عوامی خدمت کی سیاست ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے حقوق اور بااختیار مستقبل کی ضمانت بن کر سامنے آئی ہے۔مرکزی ترجمان نے کہا کہ 27 جولائی کو کشمیر کی باشعور عوام تیر پر مہر لگا کر اپنے روشن مستقبل کا انتخاب کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں