سردار سلیم حیدر 78

پیپلز پارٹی کون لیگ سے اتحاد کی وجہ سے شدید ترین نقصان ہوا،گورنر پنجاب

حجرہ شاہ مقیم ( رپورٹنگ آن لائن)گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کون لیگ سے اتحاد کی وجہ سے شدید ترین نقصان ہوا.

لیکن پیپلز پارٹی یہ قربانیاں کب تک دیتی رہے گی،اب ن لیگ کیلئے بھی سوچنے کا ٹائم ہے ،پاکستان پیپلز پارٹی، ن لیگ کے ساتھ کولیشن حکومت میں ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ کولیشن آگے بڑھے مگردونوں کے درمیان چھوٹے چھوٹے اختلافات ہیں لیکن میں نے کئی بار کہا کہ تالی ایک ہاتھ سے نہیں دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے.

ن لیگ کو اب سمجھ آ جانی چاہیے اور پیپلز پارٹی کے ساتھ کئے گئے لکھے پڑھے ،تحریری معاہدوں پر عمل کرنا چاہیے کیونکہ ہمیں بھی اچھا نہیں لگتا کہ ہم ہر روز ن لیگ کو پیپلز پارٹی کے ساتھ کئے گئے معاہدے یاد کرواتے رہیں،اب ن لیگ کو سوچنا اور پیپلزپارٹی کے ساتھ کئے گئے معاہدوں پر عمل کرنا چاہیے تاکہ یہ کولیشن گورنمنٹ آگے بڑھے، پیپلز پارٹی کی کوئی ڈیمانڈ ہے نہ کوئی ایکسٹرا ڈیمانڈ ہے.

سسٹم کو آگے چلنا چاہیے،ہمیں ملک کے لئے سوچنا ہے،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قربانیاں دیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے حجرہ شاہ مقیم کے مقام فخر ٹائون میں پاکستان تحریک اتحاد کے چیئرمین چوہدری اورنگ زیب جٹ کی رہائش گاہ الکبیر پیلس کا افتتاح کرنے کے بعد صحافیوں اور این این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ میں 2جنوری کو حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین ہونے والے مذاکرات کو خوش آئند قرار دیتا ہوں.

یہ مذاکرات جاری رہنے چاہییںکیوں کہ جو باتیں میز پر حل ہوسکتی ہیں وہ لڑائی جھگڑوں سے ، گلیوں،سڑکوں پر ، پٹرول بموں اور پتھروں سے حل نہیں ہوتیں،گورنر پنجاب نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کے پی حکومت کو کرم کی صورتحال کی ذرہ پرواہ نہیں، فریقین کے سینکڑوں کلمہ گو مسلمان شہید ہو رہے ہیں،چھوٹے چھوٹے بچے مر رہے ہیں،کے پی حکومت کہتی ہے کہ فلاں کر دیں تو ہم 3ماہ سے بند راستے کھلوا دیں گے اس کا مطلب ہے کہ راستے انہوں نے خود بند کروائے ہیں.

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع اوکاڑہ کے عہدیداران،مختلف سیاسی جماعتوں کی سیاسی شخصیات و دیگر بھی موجود تھے ،گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی کرم کے معاملے پر ہونے والے احتجاج کے حوالے سے بات کرنے کا مقصد یہ تھا کہ کراچی میں سڑکوں کو بند کرنے کی بجائے کے پی حکومت کو باور کروایا جائے کہ کرم ان کا حصہ ہے، ان کو انکی ذمہ داریوں کا احساس دلوایا جائے،بجائے اس کے کہ کبھی وہ اسلام آباد پر چڑھائی کرتے ہیں.

کبھی ایک شوشہ چھوڑ دیتے ہیں کبھی دوسرا شوشہ چھوڑ دیتے ہیں،گورنر پنجاب نے کہا کہ تما م پارٹیوں ،سیاستدانوں کو چاہیے کہ سب سے پہلے ملک کا سوچیں ،الیکشن آئے گے پھر لڑ لیں گے کوئی جیتے گا کوئی ہارے گا مگر فلحال تو ملکی بہتری اور ترقی کی طرف سب کو توجہ کرنی چاہیے تاکہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں