لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کے بیانات عوامی مسائل سے فرار کی ناکام کوشش ہے ، سندھ پر تنقید سے پہلے پنجاب کی مہنگائی، بے روزگاری اور بدانتظامی کا جواب دیا جائے۔ انہوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہعوام ریلیف مانگ رہے ہیں۔
مگر مسلم لیگ (ن) کی سیاست صرف پریس کانفرنسوں تک محدود ہو چکی ہے، پنجاب حکومت اشتہارات میں کامیاب، عوامی خدمت میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے، عظمیٰ بخاری سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے اپنی حکومت کی کارکردگی کا حساب دیں، پیپلز پارٹی پر تنقید سے پنجاب حکومت کی ناکامیاں چھپ نہیں سکتیں،عوام کو بیانات نہیں، روزگار، سستی اشیائے ضروریہ اور ریلیف چاہیے۔
سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے عوام سے کیے گئے وعدوں کو فراموش کر دیا ہے، پنجاب کے کسان، مزدور، نوجوان اور سرکاری ملازمین حکومتی پالیسیوں سے شدید مایوس ہیں، پیپلز پارٹی کو عوامی حمایت سے خوفزدہ ہو کر بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں، سندھ کے عوام بار بار پیپلز پارٹی پر اعتماد کرتے ہیں، اس اعتماد کو مخالفین برداشت نہیں کر پا رہے، بلاول بھٹو زرداری کی مقبولیت مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی پریشانی کی اصل وجہ ہے، عوام اب سیاسی ڈراموں اور الزام تراشی کی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں، پنجاب حکومت اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پیپلز پارٹی کو نشانہ بنا رہی ہے، پیپلز پارٹی عوام کی عدالت میں ہمیشہ سرخرو ہوئی ہے اور آئندہ بھی ہوگی،
عوام جانتے ہیں کہ مشکل وقت میں ان کے ساتھ کون کھڑا رہا اور کون صرف بیانات دیتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر سمیت پورے ملک میں عوام خدمت کی سیاست کو ووٹ دیں گے، نفرت اور پروپیگنڈے کو نہیں، سیاسی مخالفین پر الزامات لگانے سے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی بہتر نہیں ہو سکتی، پاکستان پیپلز پارٹی ہر فورم پر عوام کے حقوق کی آواز بلند کرتی رہے گی، الزام تراشی مسلم لیگ (ن) کی مجبوری اور عوامی خدمت پاکستان پیپلز پارٹی کی پہچان ہے۔









