محمد جاوید قصوری 14

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کے لیے وبالِ جان بن چکا ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر مسلسل اضافہ عوام کے لیے وبالِ جان بن چکا ہے جبکہ حکمرانوں نے بے حسی کی تمام حدیں عبور کر لی ہیں، عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری، غربت اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عام آدمی کی زندگی مزید اجیرن بنا دی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو کسی قسم کا حقیقی ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا۔ مہنگائی میں مسلسل اضافے کے باعث اشیائے ضروریہ، بجلی، گیس، ٹرانسپورٹ اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیا کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ جب تک عوام کو حقیقی اور فوری ریلیف فراہم نہیں کیا جاتا، نہ عوام کی زندگیوں میں خوشحالی آ سکتی ہے اور نہ ہی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہیے کہ اپنی عیاشیوں، شاہانہ پروٹوکول اور غیر ضروری اخراجات کا خاتمہ کریں اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔

شہباز حکومت گزشتہ تین برس سے عوام کو طفل تسلیاں دے رہی ہے، لیکن عملی طور پر عوامی مسائل کے حل اور معیشت کی بہتری کے حوالے سے کوئی تسلی بخش کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی بھی انتہائی مایوس کن ہے۔ مختلف منصوبوں اور اسکیموں کو بڑے بڑے تشہیری بورڈز اور اشتہاری مہمات کے ذریعے خوش نما بنا کر پیش کیا جاتا ہے، لیکن عملی طور پر صوبے کے گیارہ کروڑ عوام بنیادی سہولیات اور فوری حکومتی امداد سے محروم ہیں۔

صوبے کے 12کروڑ عوام کو صحت، تعلیم، تحفظ اور میرٹ نام کی کوئی چیز میسر نہیں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ حالیہ چند روز کی بارشوں نے پنجاب حکومت کی کارکردگی اور اداروں کی ناقص منصوبہ بندی کا پول کھول دیا ہے۔ سڑکیں، گلیاں اور شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت تشہیری سیاست کے بجائے عوامی مسائل کے عملی حل پر توجہ دے، مہنگائی کا خاتمہ کرے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں