کراچی (رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں پولیس کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ شہدائے پولیس ہمیں ان بہادر پولیس اہلکاروں کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ملک میں امن و امان کے قیام، قانون کی عملداری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کی پہلی دفاعی دیوار ہے، جبکہ دہشت گردی اور جرائم کے خلاف پولیس کے شہداء اور غازیوں کے عزم، بہادری اور قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے میں سندھ پولیس کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور جدید تقاضوں کے مطابق تربیت کو مزید مؤثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ پولیس کے شہداء ہمارے قومی ہیرو اور پوری قوم کا فخر ہیں، جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔









