لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر حکومت نے مون سون سیزن سے قبل ہی تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں تاکہ شہریوں کو بارشوں کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پنجاب بھر میں تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں واسا کا نظام قائم کر دیا گیا ہے جبکہ پہلے مرحلے میں 15اضلاع کی واسا کو 272نئی اور جدید 12اقسام کی مشینری فراہم کی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں پنجاب کے تمام اضلاع کو مزید 694جدید مشینیں فراہم کی جائیں گی، جس سے نکاسی آب کے نظام کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا واسا پروگرام ہے، جس کے ذریعے شہریوں کو بہتر اور بروقت شہری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 105انڈر گرائونڈ سٹوریج ٹینکس کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے، جن میں سے 82ٹینکس مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی 23پر تعمیراتی کام آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر منصوبے کا 78فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور آئندہ 11روز کے اندر باقی تمام 23انڈر گرائونڈ سٹوریج ٹینکس بھی مکمل کر لیے جائیں گے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ انڈر گرائونڈ سٹوریج ٹینکس کا منصوبہ نہ صرف بارشی پانی کے موثر انتظام میں معاون ثابت ہوگا بلکہ زیر زمین پانی کی سطح کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف صرف آج کے مسائل حل نہیں کر رہیں بلکہ پنجاب کے واٹر سٹوریج سسٹم کو آئندہ 50سال کی ضروریات کے مطابق مضبوط بنیادوں پر استوار کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور تعمیراتی کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کو محفوظ، پائیدار اور جدید شہری انفراسٹرکچر کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔









