چاول برآمدات 13

پاکستان کی چاول برآمدات میں 150 فیصد اضافہ، ستمبر میں 4 لاکھ 20 ہزار ٹن سے زائد چاول برآمد

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان کی چاول کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ستمبر 2026 کے دوران 4 لاکھ 20 ہزار 277 میٹرک ٹن چاول بیرون ملک بھیجا گیا، جبکہ گزشتہ سال اسی مہینے میں یہ مقدار ایک لاکھ 68 ہزار 322 میٹرک ٹن تھی۔ایف پی سی سی آئی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن رفیق سلیمان نے چاول کی برآمدات کے تازہ اعداد و شمار کو ملکی چاول کی صنعت کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔

ان کے مطابق ستمبر 2026 میں گزشتہ سال کے مقابلے میں برآمدات کے حجم میں تقریباً 150 فیصد اضافہ ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق ستمبر میں باسمتی چاول کی برآمدات بڑھ کر ایک لاکھ ایک ہزار 271 میٹرک ٹن ہوگئیں، جبکہ ستمبر 2025 میں یہ مقدار 35 ہزار 109 میٹرک ٹن تھی۔اسی طرح نان باسمتی اور چاول کی دیگر اقسام کی برآمدات 3 لاکھ 19 ہزار 5 میٹرک ٹن رہیں، جو گزشتہ سال اسی مہینے میں ایک لاکھ 33 ہزار 213 میٹرک ٹن تھیں۔

رفیق سلیمان کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی، جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران، پاکستان کی چاول کی مجموعی برآمدات 10 لاکھ 75 ہزار میٹرک ٹن تک پہنچ گئیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ مقدار 7 لاکھ 13 ہزار 794 میٹرک ٹن تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق چاول کی برآمدات میں اضافے کا رجحان ملکی چاول کی صنعت کے لیے حوصلہ افزا ہے۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں