کراچی (رپورٹنگ آن لائن) اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پانچ اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کا خاتمہ اقوام متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی تھا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں سے کشمیری عوام محاصرے، پابندیوں، مواصلاتی بندشوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم وہ اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوئے۔سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے اور کشمیری عوام کو ان کا تسلیم شدہ حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کا انحصار مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور دیرپا حل پر ہے۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر اس قومی عزم کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا اور ہر عالمی فورم پر ان کی آواز بلند کرتا رہے گا۔









