پشاور(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان کا امیج دنیا میں امن کے پیامبر کے طور پر اُبھرا ہے۔
انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز پشاور میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں لیپ ٹاپ سو فیصد میرٹ کی بنیاد پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز ایک بہترین تعلیمی ادارہ ہے جو طلبہ و طالبات کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کر رہا ہے اور یہاں سے فارغ التحصیل نوجوان ملک و بیرون ملک مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر کا کہنا تھا کہ 2013 میں میاں محمد نواز شریف نے لیپ ٹاپ سکیم کا آغاز کیا جو پورے ملک بشمول کشمیر و گلگت بلتستان کے لیے تھا اور یہ پروگرام 2018 تک کامیابی سے جاری رہا، تاہم 2018 سے 2022 تک اسے بند رکھا گیا۔
امیر مقام نے کہا کہ 2022 میں پی ڈی ایم حکومت کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اس پروگرام کو دوبارہ شروع کیا اور اس کی کامیابی کا راز خالص میرٹ ہے، آغاز سے اب تک ملک بھر کی جامعات میں لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس ادارے میں طالبات کی بھی بڑی تعداد زیرِ تعلیم ہے جو ایک مثبت امر ہے، اور ملک کی ترقی میں خواتین کو بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، پاکستانی خواتین میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، انہیں صرف مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیربرائے امور کشمیر نے کہا کہ ہم سب پر فرض ہے کہ پاکستان کی ترقی اور سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر میاں محمد نواز شریف نے ملک کی سلامتی اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا اور مئی 1998 میں بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے بعد عالمی دباؤ کے باوجود پاکستان کے ایٹمی دھماکے کر کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ مئی 2025 میں پاک فوج اور پاکستانی قوم نے مل کر بھارت کی طاقت کو خاک میں ملا دیا اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے بڑی فوجی طاقت کو عبرت کا نشان بنایا، ہماری فوج اور قوم میں شہادت اور وطن سے محبت کا بے مثال جذبہ موجود ہے اور دنیا کی کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ ایران کشیدگی میں پاکستانی قیادت کے کردار کے باعث ملک کا تشخص عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے اور گرین پاسپورٹ کی قدر میں اضافہ ہوا ہے،پاکستان کو دنیا میں امن کے پیامبر کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع کے خاتمے میں کردار ادا کرے گا۔
آخر میں انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنے اندر خدمت کا جذبہ ہمیشہ زندہ رکھیں کیونکہ یہی جذبہ دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ بنتا ہے، دکھی انسانیت اور ملک کی خدمت کے مواقع ضائع نہ کیے جائیں، اسی میں ذہنی سکون ہے۔









