موٹرسائیکلز 14

پاکستان میں موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی فروخت میں 38 فیصد سے زائد اضافہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان میں موٹر سائیکلوں اور تین پہیوں والے رکشوں کی فروخت میں رواں مالی سال کے پہلے ماہ کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جولائی 2026 میں فروخت گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 38.44 فیصد بڑھ گئی۔

پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 میں ملک بھر میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 72 ہزار 416 موٹر سائیکلیں اور تھری وہیلرز فروخت ہوئے، جبکہ جولائی 2025 میں یہ تعداد ایک لاکھ 24 ہزار 538 یونٹس تھی۔اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے دوران موٹر سائیکلوں اور تھری وہیلرز کی فروخت میں 47 ہزار 878 یونٹس کا اضافہ ہوا، جو 38.44 فیصد بنتا ہے۔کاروباری حلقوں کے مطابق موٹر سائیکلوں کی فروخت میں اضافہ ملک میں دو پہیہ اور تین پہیہ گاڑیوں کی طلب میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔

موٹر سائیکلیں پاکستان میں کم لاگت سفری ذریعہ ہونے کے باعث شہری اور دیہی علاقوں میں بڑے پیمانے پر استعمال کی جاتی ہیں، جبکہ تھری وہیلرز بھی روزگار اور مقامی آمدورفت کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔جولائی میں فروخت میں نمایاں اضافے کو آٹو سیکٹر کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم مارکیٹ کے مستقبل کا انحصار گاڑیوں کی قیمتوں، صارفین کی قوت خرید، شرح سود اور مجموعی معاشی صورتحال پر بھی ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں