لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال، ملک میں سکیورٹی کے چیلنجز اور معیشت کی وجہ سے ملک کے حالات کسی بھی قسم کی سیاسی بے یقینی اور محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے،
اپیل ہے کہ سیاسی جماعتیں مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کریں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت کئی محاذوں پر اہم چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، ایسے حالات میں سیاسی کشیدگی اور احتجاجی سرگرمیوں سے معیشت اور کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات جمہوری عمل کا حصہ ہیں تاہم قومی مفاد کا تقاضہ ہے کہ تمام سیاسی قوتیں افہام و تفہیم اور مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت اور سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر معیشت کے استحکام،
امن و امان اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملک میں سیاسی استحکام، پالیسیوں کے تسلسل اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کی خواہاں ہے۔موجودہ حالات میں کسی بھی ایسی سرگرمی سے گریز کیا جانا چاہیے جس سے ملک کی معیشت، سرمایہ کاری اور کاروبار کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو۔ تمام سیاسی قوتیں مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کریں تاکہ ملک کو سیاسی استحکام کے ساتھ معاشی ترقی کی راہ پر آگے بڑھایا جا سکے۔








