عبدالعلیم خان 23

پاکستان اور آذربائیجان کے مابین ٹریڈ اور ٹرانزٹ معاہدے اہمیت کے حامل ہیں، علیم خان

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین ٹریڈ اور ٹرانزٹ معاہدے اہمیت کے حامل ہیں،معرکہ حق میں آذربائیجان کی پاکستان کے لئے غیر متزلزل حمایت لائق تحسین ہے۔وہ آذربائیجان کے 108 ویں قومی دن کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، شزاہ فاطمہ، فاروق ستار،مصدق ملک ،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ،پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، مسلم ممالک کے سفیروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔

سفیر خضر فرہادوف نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اوروفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا خیر مقدم کیا۔عبدالعلیم خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کے لئے پاکستان کی طرف سے خیر سگالی اور مبارکباد کا پیغام دیتے ہیں، آذربائیجان مسلم دنیا میں پہلے پارلیمانی جمہوریہ ملک کے اعزاز کا حامل ہے،گہرے تاریخی عوامل اور جدت کے ساتھ ابھرنا آذربائیجان کی انفرادیت ہے، وفاقی وزیرنے کہاکہ 1991میں آذربائیجان کی آزادی کے بعد سے پاکستان کے مابین تعلقات کو نئی جہت ملی۔آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے شاندار وژن کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مل کر 21ویں صدی کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔پاکستان اور آذربائیجان کے مابین ٹریڈ اور ٹرانزٹ معاہدے اہمیت کے حامل ہیں،خطے میں بالخصوص دونوں ممالک کے مابین زمینی رابطوں میں اضافے کے خواہاں ہیں۔گزشتہ سال 90 ہزار سے زیادہ پاکستانیوں نے آذربائیجان کی سیاحت کی۔اسلام آباد اور باکو کے درمیان روز بروز فاصلے کم ہو رہے ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا معرکہ حق میں آذربائیجان کی پاکستان کے لئے غیر متزلزل حمایت لائق تحسین ہے۔پاکستانی عوام آذربائیجان کی طرف سے سفارتی،سیاسی اور اخلاقی حمایت پر شکر گزار ہیں۔

مشکل کی گھڑی میں دیے گئے ساتھ کو کبھی بھول نہیں سکتے۔تقریب میں آذربائیجان کے قومی دن کے حوالے سے دھنیں، ثقافتی پروگرام، پاکستانی نغمے بھی شامل تھے۔تقریب میں آذربائیجان اور پاکستان کے پرچم اور قومی ترانوں کی گونج، پاک آذربائیجان دوستی زندہ باد کے فلوٹ بھی شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں