یوسف رضا گیلانی 36

پاک امریکہ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہیں، یوسف رضا گیلانی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام، مشترکہ مقاصد اور مستقبل پر مبنی تعاون پر استوار ہیں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے لاہور میں امریکی کونسل جنرل سٹیٹسن سینڈرز نے ملاقات کی جس میں پاک امریکہ تعلقات ، تجارتی روابط ، سرمایہ کاری، وفود کے تبادلوں اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینیٹ سیکریٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ہفتہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار پر اعتماد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو تاریخی اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی پر خوشی ہے، جنہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان براہِ راست رابطے کے لیے ایک اہم موقع فراہم کیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی روابط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی، معدنیات، صحت، تعلیم اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا ایک اہم اقتصادی شراکت دار اور پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہے۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت میں اضافے اور تجارتی تعاون کی پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے زرعی، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط مزید مضبوط ہونے چاہئیں۔

علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان اپریل۔مئی 2025 کی کشیدگی کے بعد جنگ بندی کی مفاہمت میں امریکی انتظامیہ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے کے تمام ممالک کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلقات کا خواہاں ہے تاہم قومی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی کو دباؤ اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا خطے کے امن، استحکام اور کروڑوں پاکستانیوں کی غذائی و معاشی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے احترام کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور امریکہ کے قانون ساز اداروں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور دونوں ممالک کے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کا خیرمقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ عوامی روابط پاکستان۔امریکہ تعلقات کا ایک اہم ستون ہیں۔ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے جبکہ امریکی جامعات میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان خیرسگالی کے سفیر ثابت ہوں گے۔چیئرمین سینیٹ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دیتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں