محسن نقوی 31

وفاقی وزیر داخلہ کی پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کو مبارکباد

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی ہے اور چینی صدر شی جن پنگ ، کیمونسٹ پارٹی آف چائنا اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔

جمعرات کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاک چین دوستی کے 75 سال بے مثال اعتماد، لازوال محبت اور مخلصانہ تعاون کی داستان ہیں، پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال کی بے مثال تکمیل تاریخ ساز سنگ میل ہے۔ چین پاکستان کا سب سے قابل اعتماد اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والا سٹریٹجک پارٹنر ہے۔عالمی منظرنامے میں تبدیلیاں آئیں لیکن پاک چین فولادی عزم اور لازوال دوستی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔دفاعی تعاون سے اقتصادی شراکت داری تک پاک چین تعلقات خطے میں استحکام اور ترقی کی روشن مثال بن چکے ہیں۔سی پیک دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون اور پائیدار ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے پاکستان اور چین کا موقف ہمیشہ یکساں رہا ہے، قدرتی آفات ہوں یا عالمی وبائیں، چین نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر بھائی چارے کا حق ادا کیا۔ پاک چین دوستی پہلے سے زیادہ مضبوط، گہری اور ناقابل شکست بن چکی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک چین دوستی ہر آنے والے دن مزید مضبوط، پائیدار اور بلندیوں پر جا رہی ہے۔پاک چین تاریخی اور مثالی دوستی میں دراڑ ڈالنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں