اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف 4 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے۔وزیراعظم شہباز شریف 4 روزہ دورہ چین کے پہلے مرحلے میں ہانگڑور پہنچے ہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال، وزیراطلاعات عطا تارڑ، وزیرآئی ٹی شزہ فاطمہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم ہفتہ سے 26 مئی تک چین کا دورہ کریں گے جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات، سیاسی روابط اور معاشی تعاون ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم ہانگڑو میں ڑجیانگ صوبے کے پارٹی سیکرٹری سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیراعظم کے دورہ چین میں مشرق وسطیٰ کی صورتِ حال پر بھی بات چیت متوقع ہے، تنازع کے حل کے لیے چین نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفود سی پیک فیز 2 کے تحت پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے مابین تعاون کے فروغ کیلئے بزنس فورم، معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔اس کے علاوہ وزیرِاعظم کی معروف چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں بھی ہوں گی اور وہ چینی کمپنی کے ہیڈکوارٹر سمیت چائنہ اکیڈمی آف ایگری کلچر سائنسز کا دورہ بھی کریں گے، بعد ازاں وزیرِ اعظم دورہ بیجنگ کیلئے روانہ ہوں گے جہاں چینی صدر شی جن پنگ اور وزیرِ اعظم لی چیانگ سے ان کی ملاقاتیں ہوں گی۔مزید براں شہباز شریف پاک چین سفارتی تعلقات کی75 ویں سالگرہ سے متعلق تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔









