محمد جاوید قصوری 12

وزیر داخلہ کا” سسٹم کولیپس” ہونے کا اعتراف ، ناکام حکمرانی کا ثبوت ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے موجودہ نظام کے ”سسٹم کولیپس”سے متعلق بیانات اس حقیقت کا واضح ثبوت ہیں کہ ملک کا فرسودہ نظام اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے، اس نظام کے بینیفشریز تمام بڑی سیاسی جماعتیں ہیں، جو دہائیوں سے اقتدار میں رہنے کے باوجود عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں، ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، بدعنوانی اور بدانتظامی کے مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ نوجوانوں میں بڑھتا ہوا غصہ حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 7 اگست کو ہونے والے پہیہ جام احتجاج کی تیاریوں کے سلسلے میں صوبائی دفتر منصورہ لاہور میں برادر تنظیمات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مختلف تنظیموں کے مختلف ذمہ داران بھی موجود تھے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے ماضی کے تلخ تجربات اور اپنے اردگرد بدلتے ہوئے حالات سے سبق حاصل نہ کیا تو ان کے لیے اقتدار میں رہنا مشکل ہو جائے گا۔ عوام اب روایتی وعدوں اور کھوکھلے نعروں سے مطمئن نہیں ہوں گے بلکہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے قیام سے ہی فرسودہ اور استحصالی نظام کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔

جب تک ملک میں حقیقی معنوں میں اسلامی، جمہوری اور فلاحی نظام نافذ نہیں ہوتا اور اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ۖ کی تعلیمات کے مطابق معاشرت، معیشت اور حکمرانی کا نظام قائم نہیں کیا جاتا، اس وقت تک پاکستان ترقی، استحکام اور خوشحالی کی منزل حاصل نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف نظریات اور نظام، جن میں کمیونزم، سوشلزم اور ان سے متاثرہ دیگر معاشی و سیاسی ماڈلز شامل ہیں، اپنی ناکامی ثابت کر چکے ہیں۔ سودی معاشی نظام نے پوری دنیا کو معاشی بحرانوں میں جکڑ رکھا ہے، اس لیے وقت کا تقاضا ہے کہ اسلامی معاشی اور سماجی نظام کو اختیار کیا جائے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام پر ظلم کے مترادف ہے۔

حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان پر مہنگائی کا مزید بوجھ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں، مزدوروں، کسانوں، تاجروں اور تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ 7 اگست کے پہیہ جام احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج عوام کی امنگوں کا حقیقی ترجمان ثابت ہوگا اور جب تک حکمران اپنی پرانی روش ترک کرکے عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات نہیں کرتے، قوم اپنے حقوق کے حصول کے لیے سڑکوں پر موجود رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں