ڈاکٹر عشرت العباد خان 10

نوجوانوں کو قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں لائے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا، ڈاکٹر عشرت العباد خان

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سابق گورنر سندھ، نشانِ امتیاز اور میری پہچان پاکستان (ایم پی پی) کے روحِ رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ جشنِ آزادی زندہ قوموں کی پہچان اور قومی شعور کی علامت ہے، جبکہ پاکستان ہم سب کی ریڈ لائن ہے اور اس کی سلامتی، ترقی اور استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

کراچی میں ایم پی پی یوتھ ونگ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا دارومدار نوجوان نسل پر ہے، اس لیے انہیں قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر روزگار اور ترقی کے مساوی مواقع نوجوانوں کا بنیادی حق ہیں۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ فنی اور تکنیکی تعلیم، مصنوعی ذہانت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سیکیورٹی جیسے جدید شعبوں میں مہارت حاصل کیے بغیر عالمی سطح پر مقابلہ ممکن نہیں۔

انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ فنی تربیتی اداروں کا دائرہ کار ملک کے ہر ضلع، ٹاؤن اور تحصیل تک بڑھایا جائے اور تربیت یافتہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس، شفافیت، میرٹ اور احتساب کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔ پاکستان بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا اور اس کے استحکام اور خوشحالی کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ اگر شہر میں انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، صفائی ستھرائی اور بنیادی شہری سہولیات بہتر نہ ہوئیں تو عوام میں مایوسی بڑھے گی۔

کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اور اس کی ترقی قومی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق میری پہچان پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ انتظامی ضروریات کے مطابق نئے یونٹس قائم کیے جا سکتے ہیں، تاہم یہ عمل آئین، قومی اتفاقِ رائے اور عوامی مفاد کے مطابق ہونا چاہیے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم، تحقیق، محنت، جدت اور قومی یکجہتی کو اپنا شعار بنائیں، کیونکہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ملک ہے اور نوجوان اس کے روشن مستقبل کے حقیقی معمار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں