لاہور( رپورٹنگ آن لائن)قائمقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں ہونے والے تاریخی دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ پاکستان کی سفارتی و دفاعی اہمیت کا واضح اعتراف ہے۔ تین برادر اسلامی ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا دفاعی تعاون باہمی اعتماد، مشترکہ سلامتی اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے عزم کی مضبوط علامت ہے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون تینوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں اجتماعی سلامتی کے تصور کو بھی تقویت دے گا۔ یہ شراکت داری کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ امن، استحکام، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کے فروغ کیلئے ہے۔انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی کامیاب سفارت کاری اور بصیرت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان نے عالمی اور علاقائی سطح پر اپنا مثر سفارتی کردار اجاگر کیا ہے۔
مکہ مکرمہ میں ہونے والا یہ اہم معاہدہ پاکستان کیلئے ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔قائمقام گورنر پنجاب نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ استعداد کو بھی قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ملکی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے ساتھ ساتھ خطے کے امن و استحکام کیلئے بھی ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی ملک کے خلاف محاذ آرائی کا خواہاں نہیں، ہم امن، باہمی احترام اور تعاون پر یقین رکھتے ہیں۔ مضبوط دفاع امن کی ضمانت اور قومی خودمختاری کے تحفظ کی بنیاد ہے۔ پاکستان اپنی سلامتی کے تحفظ کے ساتھ خطے میں امن اور ترقی کیلئے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ مکہ مکرمہ کا دفاعی معاہدہ پاکستان کیلئے نئی سفارتی، دفاعی اور معاشی شراکت داری کے دروازے کھولنے کا اہم موقع ہے۔
سعودی عرب کی معاشی قوت، ترکیہ کی صنعتی و دفاعی صلاحیت اور پاکستان کے جغرافیائی محلِ وقوع، افرادی قوت اور دفاعی تجربے سے تینوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔قائمقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی یہ شراکت داری پورے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کا ذریعہ بنے گی۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری قوم کو تاریخی دفاعی معاہدے پر مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو ہمیشہ امن، سلامتی، استحکام اور ترقی عطا فرمائے۔









