واشنگٹن( رپورٹنگ آن لائن)امریکی اور ایرانی فریقین کے درمیان نقطہ ہائے نظر کو قریب لانے کی قطری کوششوں کے تسلسل کے دوران امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران کشیدگی کے خاتمے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔امیرِ قطر نے ٹرمپ کے ساتھ اپنی گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ خطے کو مزید کشیدگی سے بچانے، بحری جہاز رانی کی آزادی اور توانائی کے وسائل کی فراہمی کے تحفظ کو یقینی بنانا انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے اختلافات کے حل کے لیے مذاکرات جاری رکھنے اور سفارتی ذرائع اختیار کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
دونوں رہنمائوں نے بین الاقوامی کوششوں کی تازہ ترین صورتِ حال بالخصوص متعلقہ فریقوں کے درمیان نقطہ ہائے نظر کو قریب لانے اور مذاکراتی عمل کی حمایت کے لیے قطر کی جانب سے کی جانے والی کوششوں پر بات چیت کی، تاکہ ایک ایسے جامع معاہدے تک پہنچنے کی راہ ہموار کی جا سکے جو بحران کا خاتمہ کرے اور خطے میں امن و استحکام قائم کرے۔









