لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ 7 اگست کو ہونے والے ملک گیر پہیہ جام احتجاج کی تیاریاں لاہور سمیت پورے وسطی پنجاب میں بھرپور انداز میں جاری ہیں، کارکنان اور ذمہ داران عوام تک جماعت اسلامی کا پیغام پہنچانے کے لیے ڈور ٹو ڈور جا رہے ہیں، مختلف مقامات پر کارنر میٹنگز، مشاورتی نشستوں اور تنظیمی سرگرمیوں کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے، کارکنوں کی ٹیمیں شب و روز اس عوامی احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے مصروف عمل ہیں اور ہر طبقہ فکر کے افراد کو اس میں بھرپور شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے، جبکہ حکمران عوام کے مسائل کے حل کے بجائے انہیں مزید مشکلات سے دوچار کر رہے ہیں۔ جماعت اسلامی اس ظلم، مہنگائی اور معاشی استحصال کے خلاف پرامن اور جمہوری انداز میں عوام کی آواز بلند کر رہی ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ 7 اگست کی ہڑتال اور احتجاج میں عوام بھرپور شرکت کریں اور اپنے جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے حکمرانوں تک اپنا واضح پیغام پہنچائیں ۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرے اور عوام پر پڑنے والے معاشی بوجھ کو کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا احتجاج مکمل طور پر آئینی، قانونی اور پرامن ہوگا، کیونکہ ہمارا مقصد عوامی مسائل کو اجاگر کرنا اور حکومت کو عوامی مشکلات کے حل کی طرف متوجہ کرنا ہے۔ اگر انتظامیہ نے پرامن احتجاج میں بلاجواز رکاوٹیں کھڑی کرنے، کارکنان کو ہراساں کرنے یا کسی بھی غیر قانونی اقدام کی کوشش کی تو اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام اور حکومت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے زور دیا کہ آئین ہر شہری کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، لہٰذا اس حق کا احترام کیا جانا چاہیے۔
محمد جاوید قصوری نے آخر میں کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی اور ملک کو مہنگائی، بدعنوانی اور ناانصافی سے نجات دلانے کے لیے ہر آئینی و جمہوری فورم پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 7 اگست کے احتجاج اور ہڑتال میں پرامن، منظم اور ذمہ دارانہ انداز میں شریک ہو کر اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔









