شازیہ ماریہ 19

مسلم لیگ (ن) عوامی مسائل کا جواب دے، ذاتی حملوں سے گریز کرے ،شازیہ مری

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے آزاد جموں و کشمیر کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق، وقار اور امنگوں کی آواز بلند کی ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) جائز سوالات سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔

اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا پیغام آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے آئینی حقوق سے متعلق ہے، نہ کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے کشمیری عوام کی توہین پر خاموشی اختیار کی، وہ بلاول بھٹو زرداری کو قومی یکجہتی کا درس نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے لیے روزگار، ترقی اور آئینی حقوق کی بات کی ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کو عوامی مسائل پر جواب دینا چاہیے، ذاتی حملوں کا سہارا نہیں لینا چاہیے۔

شازیہ مری کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا مؤقف ہے کہ احتساب جمہوریت کو مضبوط بناتا ہے اور مشکل سوالات اٹھانا جمہوری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے حقیقی مسائل اجاگر کیے، لیکن مسلم لیگ (ن) نے ان کا جواب دینے کے بجائے سیاسی بیان بازی کا راستہ اختیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور بلاول بھٹو زرداری ان کے وقار، آئینی حقوق اور جمہوری امنگوں کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ شازیہ مری نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سیاست عوامی خدمت، آئینی حقوق اور آزاد جموں و کشمیر کے ہر شہری کے احترام پر مبنی ہے، جبکہ عوام سیاسی جماعتوں کا فیصلہ ان کی کارکردگی اور عوامی خدمت کی بنیاد پر کریں گے، نہ کہ ذاتی حملوں کی بنیاد پر۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں