لاہور(رپورٹنگ آن لائن) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مریم نواز کے لندن دورے اور ان کے بیان پر تنقید کرنے والوں کو دراصل وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی اور بڑھتی ہوئی مقبولیت کی تکلیف ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ واضح طور پر بتا دیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے لندن دورے کے اخراجات خود برداشت کریں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان کو صوبوں میں نفرت اور قوم میں تقسیم پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنے والوں کو خود عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔
سینئر وزیر پنجاب کا خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان کی گفتگو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ طرزِ بیان پی ٹی آئی اور اس کی قیادت کی خواتین کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے کی روایت کے عین مطابق ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ بدقسمتی سے خیبرپختونخوا پر ایسے عناصر مسلط ہیں جو ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت کرنے والی غیور پختون روایات سے بھی آگاہ نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد بندوق اور خودکش جیکٹ کو انسانوں کے چیتھڑے اڑانے کے لیے استعمال کرتے ہیں، جبکہ ان کے سہولت کار زبان کو انسانوں، بالخصوص خواتین کی توہین کے لیے ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔








