ہائیکورٹ 9

پیٹرولیم قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 7 سے 11 ستمبر کے دوران پیٹرول 29 روپے 95 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں بھی پانچ روز کے دوران 25 روپے 27 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 400 روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

درخواست گزار کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ٹرانسپورٹ، زراعت اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کا سب سے زیادہ بوجھ تنخواہ دار اور کم آمدن والے طبقے پر پڑ رہا ہے۔

درخواست میں مزید مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پاکستان میں بنگلہ دیش کے مقابلے میں ڈیزل تقریباً 140 روپے، بھارت سے 122 روپے، افغانستان سے 106 روپے جبکہ سری لنکا سے تقریباً 77 روپے فی لیٹر مہنگا ہے۔

درخواست میں لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ پیٹرولیم لیوی، ٹیکس، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے مارجن کا ریکارڈ طلب کیا جائے، جبکہ عدالت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار بھی طلب کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں