عظمی بخاری 11

فیک نیوز کی روک تھام ناگزیر، صحافت ذمہ دارانہ پیشہ ہے عظمیٰ بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلائی جاتی ہیں، فیک نیوز کی روک تھام ناگزیر ہے اور کسی کی پگڑی اچھالنا صحافت نہیں۔

سی پی این ای کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گالم گلوچ اور بے بنیاد الزامات کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الزام لگانے والے کو اپنے دعوے کے ثبوت بھی دینا ہوں گے، غلط کو غلط کہنا ہوگا اور خبر نشر کرنے سے پہلے متعلقہ فریق کا مؤقف ضرور لیا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک فرار یوٹیوبرز ملک کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، کسی کو بھی ملک دشمن بیانیہ پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافت ایک نہایت ذمہ دارانہ پیشہ ہے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے طلبا کو سکالرشپس اور لیپ ٹاپس دیئے ہیں جبکہ بلوچستان کے طلبا کو بھی سکالرشپ اور لیپ ٹاپ پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر الزام لگانے والوں کو ہیرو نہ بنایا جائے، انہوں نے اعتراف کیا کہ ماضی میں ان سے ایک غلطی ہوئی تھی، جس پر وہ آج بھی شرمندہ ہیں، کیونکہ انہیں ایک غلط خبر فراہم کی گئی تھی۔

اس موقع پر سی پی این ای کے صدر کاظم خان نے کہا کہ وہ حکومت کی رائے کا مکمل احترام کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سی پی این ای واحد تنظیم ہے جس نے فیک نیوز کے خلاف پالیسی مرتب کی۔

کاظم خان نے کہا کہ پریس فریڈم کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے اور کسی کو بھی بغیر شواہد کے مس انفارمیشن پھیلانے کا اختیار حاصل نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں