اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیرسے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ملاقات کی ہے جس میں علاقائی صورت حال اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی اسلام آباد میں پہلی باضابطہ ملاقات کے دوران ایران اور پاکستان کے درمیان علاقائی سکیورٹی اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفارتی ذرائع نے مزید بتایا کہ فیلڈ مارشل سے ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور قومی سلامتی مشیر جنرل عاصم ملک بھی شریک ہوئے جبکہ ایرانی وفد میں نائب وزیر خارجہ غریب آبادی، سفیر رضا امیری مقدم اور ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی شامل ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران ایران اور پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر زور دیا اور پاک ایران تعلقات اور سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
ایرانی سفارتخانے کے مطابق ایرانی وفد وزیر خارجہ عباس عراقچی کی سربراہی میں وزیراعظم شہباز شریف سے بھی اہم ملاقات کرے گا، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور عسکری قیادت بھی موجود ہوگی۔
اس اہم ملاقات میں ایران امریکا مذاکرات کے دوسرے دور سے متعلق امور پر بات چیت ہوگی، خطے کی تازہ صورتحال اور امن و استحکام کیلئے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔
بتایا گیا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ صدر مسعود پزشکیان کا پیغام بھی وزیراعظم تک پہنچائیں گے، عباس عراقچی کی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے الگ ملاقات بھی ہوگی۔
قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی پاکستان آمد پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے استقبال کیا، نائب صدر اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا کہ اپنے بھائی ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی آمد پر خوشی ہوئی، علاقائی امن،استحکام کو فروغ دینے کیلئے پرامید ہیں۔
خیال رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد مسقط اور ماسکو کا بھی دورہ کریں گے، اس سے قبل عباس عراقچی نے اسلام آباد، مسقط اور ماسکو کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پڑوسی ممالک ان کی ترجیح ہیں۔
ایکس پر جاری بیان میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ میں ان شہروں کے بر وقت دورے پر روانہ ہو رہا ہوں، دورے کا مقصد دو طرفہ معاملات پر شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطہ کاری اور علاقائی پیشرفت پر مشاورت کرنا ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس ترجمان نے امریکی میڈیا کو انٹرویو میں امن مذاکرات میں امریکی وفد کی شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ہفتے کی صبح مذاکرات کیلئے پاکستان روانہ ہوں گے۔









