شفقت چیمہ 138

فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے کا بتاتے ہوئے شفقت چیمہ کی آنکھیں بھر آئیں

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شفقت چیمہ کی ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے کا بتاتے ہوئے آنکھیں بھر آئیں جبکہ شفقت چیمہ نے کہا ہے کہ میں پانی میں ڈوب رہا تھالیکن اداکار سعود مجھے بچانے کی بجائے خود تیرتا ہوا باہر نکل گیا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفقت چیمہ نے خوفناک حادثے کا ذکرکرتے ہوئے بتایا کہ فلم ”دل سنبھالا نہ جائے ”کی شوٹنگ کے دوران راول ڈیم میں ایکشن سین فلمبند کیا جانا تھا،مجھے چونکہ تیرنا نہیں آتا تھا اس لیے پہلے سے پانی کی گہرائی کا اندازہ کرکے جگہ کا تعین کیا کہ مجھے کہاں تک جانا ہے۔فلم کے سین کے مطابق سعود کو مجھ پرکودنا تھا لیکن عکسبندی کے دوران ان کا وزن مجھ پرپڑنے کی وجہ سے توازن برقرار نہ رکھ سکا اور دلدلی زمین ہونے کی وجہ سے ہم گہرائی میں چلے گئے۔ سرپانی سے باہرنکالا تو کوئی 12سے 14 فٹ دور جاچکے تھے اور میرے پائوں زمیں پرنہیں لگ رہے تھے۔اس موقع پرجذبات پرقابو نہ پاسکنے پر شفقت چیمہ نے آنسو بھری آنکھوں کے ساتھ بتایا کہ میں نے سعود سے کہا کہ مجھے بچالو کیونکہ اسے تیرنا آتا تھا لیکن سعود نے مجھے دھکادے کرپرے پھینکا اور خود تیرتا ہوا نکل گیا۔

شفقت چیمہ نے بتایا کہ میں کہہ رہا تھا لوگو مجھے بچالو، مجھے پکڑ لو لیکن آگے آنے والا کوئی نہیں تھا۔میری حالت دیکھ کر میرا چھوٹا بھائی ندیم چیمہ جو اب ڈائریکٹر ہے مجھے بچانے کیلئے پانی میں کودا لیکن اسے بھی تیرنا نہیں آتا تھا، میں نے اسے ڈوبتے دیکھا بس اس کے بعد ہوش نہیں رہا، اتنا یاد ہے کہ دونوں کو بچانے کیلئے کوئی اللہ کا فرشتہ بن کرآیا، جان بہت مشکل سے بچی کیونکہ میرے اور بھائی کے پیٹ اور پھیپھڑوں میں پانی بھر چکا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں