عطا اللہ تارڑ 10

عطا اللہ تارڑ سے سکھ یاتریوں کے وفد کی ملاقات، سکھ یاتریوں نے اسلام آباد کی خوبصورتی، پاکستانی عوام کی محبت اور مہمان نوازی کو سراہا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ سے بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کے وفد نے یہاں اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے اسلام آباد کے سیاحتی مقام دامن کوہ میں سکھ یاتریوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ان سے پنجابی زبان میں بے تکلفانہ گفتگو کی، ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سکھ یاتریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دامنِ کوہ اسلام آباد کا انتہائی خوبصورت مقام ہے جہاں سے پورے اسلام آباد کی خوبصورتی کا نظارہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے خوشی اور فخر کی بات ہے کہ پاکستان میں مقدس مذہبی مقامات موجود ہیں، ان مقدس مقامات کی خدمت کے ساتھ ساتھ ہمیں سکھ یاتریوں کی میزبانی اور خدمت کا موقع بھی ملتا ہے۔ اس موقع پر سکھ یاتریوں نے اسلام آباد کی خوبصورتی اور قدرتی حسن کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ایک انتہائی خوبصورت شہر ہے۔ انہوں نے پاکستان میں سکھ مذہب کی مقدس شخصیات سے منسوب اہم مقامات بالخصوص ننکانہ صاحب اور پنجہ صاحب کی مذہبی اور تاریخی اہمیت کا بھی ذکر کیا۔ سکھ یاتریوں نے پاکستان میں اپنے پرتپاک استقبال، بہترین مہمان نوازی اور بھرپور میزبانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ جب بھی پاکستان آتے ہیں یہاں کے لوگ محبت اور خلوص سے ان کا استقبال کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں