کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ریفرنڈم کی بات میڈیا سے سنی، صوبوں کے معاملے کا حل ریفرنڈم کرانے میں نظر نہیں آتا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نئے انتخابات کی تاریخ الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد اعلان کریں گے، انتخابات نئے قانون کے تحت ہوں گے، کوشش ہوگی کہ 3 ماہ میں نیا قانون بنالیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر کسی نمائندے نے کام نہیں کیا تو اس کا فیصلہ عوام کریں گے، ریفرنڈم کے بارے میں مجھے کسی نہیں کہا، صرف میڈیا سے سن رہا ہوں، ریفرنڈم کس کےلیے کروائیں گے؟ عوام کی رائے لینے کےلیے ؟
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئین میں لکھا ہے کہ حاکمیت اللہ کےلیے ہے، اس کے بعد عوام کو اپنے فیصلے کرنے کا حق ہے، میڈیا سے ہی سن رہا ہوں کہ عوام سے رائے لینے میں کیا حرج ہے؟ اگر ایک بات آئین میں طے ہے تو اس پر کوئی اور طریقہ کیوں؟
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ جو بھی ہو گا آئین کے تحت ہو گا لیکن رائے لے لیتے ہیں، اگر آئین کے تحت ہی کام کرنا ہے تو پھر الیکشن پر اتنا خرچہ کیوں کیا گیا؟ آئین میں پہلے یہ تھا کہ صوبائی اسمبلی سے پہلے قومی اسمبلی صوبوں کی حدود تبدیل کرنے کی قرارداد پاس بھی نہیں کرسکتی۔
انہوں نے بتایا کہ آمر ضیاالحق نے اس طریقہ کار کو تبدیل کیا، اگر آپ آئین کو ہی فالو کرنا چاہتے ہیں تو ہم اگلے ہفتے ایک اور قرارداد منظور کرلیتے ہیں، ریفرنڈم لاحاصل ہوگا، یہ کسی مسئلے کا حل نظر نہیں آتا۔صوبائی اسمبلی سے منظوری کے بغیر سرحد نہیں بدل سکتی.
مراد علی شاہ نے کہا کہ 1973 کے آئین میں آرٹیکل 239 (4) کچھ اور تھا، صوبائی اسمبلی دو تہائی اکثریت سے پاس نہ کرے تو سرحد نہیں بدل سکتی، ضیا الحق نے ترمیم بدل کر صدر کے دستخط ضروری قرار دیے، آپ نے قومی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت کو ہی مسترد کر دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی پورے پاکستان کے بارے میں ایک ہی موقف رکھتی ہے، اگر آپ کو لگ رہا ہے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ کے دباؤ میں آ کر نیا بلدیاتی قانون بنا رہے ہیں تو یہ غلط ہے، تنقید ہر کوئی کرسکتا ہے لیکن یہ ہمارے منشور میں پہلے ہی شامل تھا۔
انہوں نے کراچی میں عمارت گرنے کے حوالے سے بتایا کہ اس وقت کراچی میں 123 عمارتیں اسٹے آرڈرز پر بن رہی ہیں، جو عمارت گری اس پر بھی اسٹے آرڈر تھا، عمارتوں پر کام رکوایا ہے، عدالتوں سے کہا 15 دن میں فیصلہ کریں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ امید ہے عدالت مجھے توہینِ عدالت میں نہیں ڈالے گی، اگر توہینِ عدالت میں ڈالا بھی تو میں سامنا کرنے کو تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ رہبر کمیٹی نے گزشتہ اتوار ریلی نکالی، اگلے اتوار کے لیے قادر مگسی کی درخواست ہے، ایم کیو ایم والوں سے کہوں گا یہ بات اچھی نہیں، قادر مگسی کی پرانی جماعت ہے، پیپلز پارٹی بھی اسی روز ریلی یا احتجاج کا کہے گی تو اپنی جماعت کو اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایک ہی دن دو جماعتوں کو ہرگز اجازت نہیں دیں گے، لگتا ہے ایم کیو ایم والوں کو بھائی کا فون آگیا، وہی بھائی وہی مائنڈ سیٹ چل رہا ہے، گزشتہ روز کا واقعہ غلط تھا، میں خود کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتا، ایک بھی جان بچ جاتی ہے تو توہینِ عدالت کا نوٹس برداشت کرنے کو تیار ہوں۔








