کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے رہنما حلیم عادل شیخ نے 31 جولائی سے 2 اگست تک کراچی سمیت سندھ بھر میں متوقع تیز طوفانی بارشوں کے پیش نظر سندھ حکومت سے فوری ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بارشوں کی پیشگوئی کے باوجود سندھ حکومت کی نااہلی شہریوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ ان کے بقول کراچی کے نالے گندگی سے بھرے ہوئے ہیں، انفراسٹرکچر تباہ حال ہے اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔حلیم عادل شیخ نے مطالبہ کیا کہ شہر بھر میں ہنگامی بنیادوں پر نالوں کی صفائی، نکاسی آب کے انتظامات اور ریسکیو سروسز کو فعال بنایا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کراچی ایک مرتبہ پھر اربن فلڈنگ کا شکار ہو سکتا ہے، جس کی ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلے مین ہولز، ٹوٹی ہوئی سڑکیں اور ناقص نکاسی آب بارشوں کے دوران شہریوں کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں، لہٰذا متعلقہ اداروں کو مکمل الرٹ کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کے لیے ہنگامی پلان پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔









