ضیا الحسن لنجار 14

شہدائے سندھ پولیس قوم کا سرمایہ ہیں، ان کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، وزیر داخلہ سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے یومِ شہدائے سندھ پولیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ سندھ پولیس کے شہداء قوم کا قیمتی سرمایہ اور ایک محفوظ و پْرامن مستقبل کے حقیقی معمار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا کیونکہ انہوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی اور بہادری کی لازوال مثالیں قائم کیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور حکومت سندھ اس عزم پر قائم ہے کہ شہداء کے اہلِ خانہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی کفالت، مالی معاونت، بچوں کی تعلیم، علاج معالجہ اور دیگر فلاحی سہولیات کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ موجودہ مراعات اور فلاحی پیکیج کو مزید مؤثر اور جامع بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ شہید کے خون کا قرض کسی مالی امداد یا مراعات سے ادا نہیں کیا جا سکتا، تاہم حکومت شہداء کے خاندانوں کی ہر ممکن معاونت کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہداء کے بچوں کا محفوظ اور روشن مستقبل یقینی بنانا دراصل ان عظیم قربانیوں کو حقیقی خراجِ عقیدت پیش کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے افسران اور جوانوں نے دہشت گردی، جرائم اور بدامنی کے خلاف جرات اور استقامت کے ساتھ لڑتے ہوئے ریاست اور عوام کا دفاع کیا اور اپنے خون سے وردی کے تقدس کو برقرار رکھا۔ آج پوری قوم امن کے ان محافظوں اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن پولیس کے شہداء کی قربانیوں پر پوری قوم متحد ہے۔ انہی قربانیوں کی بدولت آج لاکھوں شہری امن و سکون کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سندھ شہداء کے خاندانوں کی عزت، تکریم اور فلاح و بہبود کو ہر صورت یقینی بنائے گی اور جرائم کے خلاف جنگ پوری قوت، عزم اور پیشہ ورانہ انداز میں جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے شہداء ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں اور ان کی قربانیاں آئندہ نسلوں کے لیے بہادری، فرض شناسی، ایثار اور وطن سے وفاداری کی روشن مثال بنی رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں