محمد جاوید قصوری 11

شہداء ماتھے کا جھومر، انکی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا’جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کی لازوال قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا، وطن عزیز کے دفاع، امن اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کی بدولت ہی پاکستان مضبوط اور محفوظ ہے، شہداء کے خاندانوں کی عزت، تکریم اور ہر ممکن معاونت ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک اس وقت سنگین سیاسی، معاشی اور سماجی بحرانوں سے دوچار ہے جبکہ حالات دن بدن مزید خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ ایسے نازک حالات میں قومی یکجہتی، باہمی اعتماد اور سیاسی برداشت کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ اختلافات کو محاذ آرائی، تشدد کی بجائے افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے تاکہ ملک مزید انتشار سے محفوظ رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قوتوں، ریاستی اداروں اور تمام متعلقہ فریقین کو قومی مفاد کو ذاتی اور جماعتی مفادات پر ترجیح دینا ہوگی۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ کشمیر کی موجودہ صورت حال نے ایک مرتبہ پھر پوری قوم کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز فوری طور پر آگے بڑھیں اور حالات کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ انسانی جانوں کا ضیاع کسی بھی مسئلے کا حل نہیں بلکہ اس سے نفرت، بے چینی اور عدم استحکام میں اضافہ ہوتا ہے۔

جماعت اسلامی نے کشمیر کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں مذاکرات اور مفاہمت کے فروغ کے لیے کشمیر کمیٹی کے تحت امن جرگہ تشکیل دے دیا ہے۔ اس جرگے کا مقصد تمام متعلقہ حلقوں سے مشاورت کرتے ہوئے ایسے قابلِ عمل اور مثبت نتائج تک پہنچنا ہے جو خطے میں امن، استحکام اور عوام کے اعتماد کی بحالی میں معاون ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ قومی وحدت، جمہوری اقدار، آئین کی بالادستی اور عوامی مفاد کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور ہر مشکل گھڑی میں ملک و قوم کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ بند کرے، تحمل، بردباری اور باہمی تعاون کی فضا قائم کرے اور تمام اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی سنجیدہ کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی موجودہ صورت حال سے صرف پاکستان کے دشمن عناصر خوش ہو سکتے ہیں، اس لیے تمام قومی قوتوں کو اتحاد، بصیرت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک میں امن، استحکام اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں