کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو ان کی 71ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں پاکستان کی جمہوری تاریخ کی مدبر، دور اندیش اور بااصول سیاسی شخصیت قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے ہمیشہ جمہوریت، آئین، وفاق اور عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنایا۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری وہ واحد صدر ہیں جنہوں نے اپنے آئینی اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کرکے جمہوری روایات کو مستحکم کیا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے صوبوں کو خودمختاری، ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے مالی حقوق، آغازِ حقوق بلوچستان پیکج، صوبہ خیبر پختونخوا کو آئینی نام، گلگت بلتستان کو بااختیار انتظامی حیثیت اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے اقدامات صدر آصف علی زرداری کی قومی خدمات کا روشن باب ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں جاری ہاؤسنگ اسکیم صدر آصف علی زرداری کے عوام دوست فلسفے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وڑن کا عملی اظہار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری کی پوری سیاسی جدوجہد عوامی خدمت، قومی مفاہمت اور جمہوری استحکام سے عبارت ہے اور ان کی قیادت نے نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی بلکہ ملک میں جمہوری نظام کو بھی مضبوط بنایا۔









