لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش سنگین سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی بحرانوں سے نکالنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، بلوچستان، آزاد کشمیر، قومی سلامتی، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی، لاقانونیت اور ریاستی اداروں میں بڑھتی ہوئی کرپشن جیسے اہم قومی مسائل پر سنجیدہ اور ہنگامی بنیادوں پر فیصلے کیے جائیں، موجودہ حالات معمول کے اقدامات سے نہیں بلکہ قومی اتفاقِ رائے، مؤثر پالیسی سازی اور سیاسی قیادت کے ذمہ دارانہ کردار سے ہی بہتر بنائے جا سکتے ہیں۔
وہ لاہور میں مختلف تقریبات سے خطاب کر رہے تھے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملک اس وقت شدید اضطراب اور غیر یقینی کی کیفیت سے گزر رہا ہے۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ نوجوان بہتر مستقبل کی تلاش میں شدید مایوسی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم نہ کرنا قومی صلاحیتوں کے ضیاع کے مترادف ہے، جس کے باعث بے چینی اور احساسِ محرومی میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں پیدا ہونے والی صورتحال قومی توجہ کی متقاضی ہے۔
حکومت کو چاہیے کہ تمام قومی اور سیکیورٹی معاملات پر سیاسی جماعتوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر مشترکہ حکمت عملی تشکیل دے تاکہ دیرپا اور مؤثر حل ممکن ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ طاقت یا وقتی اقدامات مسائل کا مستقل حل نہیں، بلکہ قومی وحدت، انصاف اور باہمی اعتماد ہی استحکام کی بنیاد بن سکتے ہیں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ اداروں میں کرپشن، بدانتظامی اور احتساب کے کمزور نظام نے عوام کا اعتماد بری طرح متاثر کیا ہے۔ شفاف طرزِ حکمرانی، قانون کی بالادستی اور بلاامتیاز احتساب کے بغیر ریاستی اداروں کی ساکھ بحال نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح بنایا جائے اور ایسی پالیسیاں اختیار کی جائیں جو عام آدمی کو حقیقی ریلیف فراہم کریں۔ تمام قومی مسائل کا پائیدار حل سیاسی ڈائیلاگ، آئین کی بالادستی اور جمہوری روایات کے فروغ میں مضمر ہے ۔محمد جاوید قصوری نے زور دیا کہ حکومت قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے تمام سیاسی قوتوں کو ایک میز پر بٹھائے اور ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کے لیے مشترکہ قومی لائحہ عمل تشکیل دے، کیونکہ متحد اور مستحکم پاکستان ہی عوام کی خوشحالی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔









