حلیم عادل شیخ 17

سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، حلیم عادل شیخ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت دن بہ دن زوال کا شکار ہو رہی ہے اور اگر فوری اصلاحی اقدامات نہ کیے گئے تو حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی ناقص معاشی پالیسیوں نے ملک کو دیوالیہ پن کے دہانے تک پہنچا دیا ہے، جبکہ مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث نصف سے زائد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہو چکی ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ جب تک ملک میں سیاسی استحکام قائم نہیں ہوگا، اس وقت تک معاشی استحکام بھی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی بے یقینی نے سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور صنعتی ترقی کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کا براہِ راست اثر عام شہری کی زندگی پر پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی اسیران کی رہائی وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ موجودہ قومی بحران کا حل سیاسی انتقام نہیں آئین کی بالادستی اور عوامی مینڈیٹ کا احترام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک و قوم کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور ان کی رہائی کے بغیر ملکی حالات میں بہتری آنا مشکل ہے۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے مزید کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ حالات مزید خراب ہوتے جا رہے ہیں اور اب قوم کے دلوں میں مزید نفرتیں ڈالنے کا وقت نہیں رہا۔ انہوں نے زور دیا کہ ملکی مفاد میں نااہل اور کرپٹ سیاستدانوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی اور ایسے فیصلے کیے جائیں جو قوم کی امنگوں، آئین اور جمہوری اصولوں سے ہم آہنگ ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں