جعفرخان مندوخیل 12

سہ فریقی دفاعی معاہد ہ برادر ممالک کے درمیان سلامتی، اخوت اور اعتماد پر مبنی مشترکہ مستقبل کا وعدہ ہے،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ امن کی حفاظت طاقت سے ہی ممکن ہے۔

جب تین برادر اسلامی ممالک کی دفاعی صلاحیتیں مضبوط ہوں تو کسی جارح کی جارحیت کامیاب نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے مکہ مکرمہ میں پاکستان،، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مشترکہ معاہدے کو تاریخی قرار دیا۔ یہ معاہدہ تینوں برادر ممالک کے درمیان سلامتی، اخوت اور اعتماد پر مبنی مشترکہ مستقبل کا وعدہ ہے۔ یہ معاہدہ نہ صرف ہمیں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنائیگا بلکہ پورے خطے میں وسیع پیمانے پر سلامتی اور استحکام کا احساس بھی پیدا کریگا۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ وقت کے ساتھ دیگر چھوٹے ممالک بھی اس تاریخی معاہدے کا حصہ بن سکتے ہیں کیونکہ اکیلا کھڑا ہونا انہیں مزید کمزور کر دیگا جبکہ ایک مستحکم مرکز ہمیشہ اپنے گردونواح پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔

جب مسلم دنیا کی بڑی طاقتیں ہم آہنگی پیدا کرتی ہیں تو اس سے پورے خطے میں امن یقینی بن جاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں تجارتی منڈیاں زیادہ پراعتماد ہو جاتی ہیں، سرحدیں محفوظ ہوتی ہیں اور ہمارے عوام خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں اگر دیگر برادر ممالک اس میں شمولیت اختیار کریں گے تو یہ فریم ورک باہمی تعاون، اقتصادی شراکت داری اور اجتماعی سلامتی کیلئے ایک وسیع اتحاد کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔ یہ خاص طور پر چھوٹے ممالک کیلئے امید کی کرن ہے۔

یہ امید ہے کہ ایک ایسا بلاک موجود ہے جو خودمختاری کا احترام کرتا ہے اور امت کے وقار کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ اس معاہدے کو واقعی ایک اہم سفارتی سنگ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ یہ اس لیے سنگ میل ہے کہ یہ بھائی چارے کو عملی جامہ پہناتا ہے اور امن، سلامتی اور استحکام کو ہماری پالیسی کا محور بناتا ہے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھی خطے کے امن و استحکام کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور اب پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اس معاہدے کے بعد ہماری ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں