سندھ ہائی کورٹ 13

سندھ ہائیکورٹ، میر رضا قتل کیس، مظاہرین کے خلاف مقدمے پر حکم امتناعی جاری

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے میر رضا قتل کیس کے خلاف احتجاج کرنے والے افراد پر درج مقدمے کے خلاف درخواست پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے فیروز آباد پولیس کو درخواست گزاروں کے خلاف مزید کارروائی سے روک دیا۔سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں درخواست کی سماعت جسٹس سلیم جیسر نے کی۔ دوران سماعت درخواست گزاروں کے وکیل وجیہہ ندیم نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے میں نامزد افراد پرامن احتجاج کرنے والے شہری ہیں اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرنا بدنیتی پر مبنی ہے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فیروز آباد پولیس نے میر رضا قتل کیس پر احتجاج کرنے والے 20 نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے، جبکہ احتجاج پرامن تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج کرنے والوں کے خلاف اس نوعیت کی کارروائی نہیں ہونی چاہیے۔عدالت کو بتایا گیا کہ مقدمے میں نامزد 8 درخواست گزار پہلے ہی عدالت سے ضمانت حاصل کرچکے ہیں۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ پولیس کو مزید کارروائی سے روکا جائے اور احتجاج کرنے والوں کو مقدمے میں نامزد نہ کیا جائے۔

عدالت نے درخواست پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے فیروز آباد پولیس کو درخواست گزاروں کے خلاف مزید کارروائی نہ کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے پولیس کو یہ بھی حکم دیا کہ مقدمے میں مزید کسی شخص کو نامزد نہ کیا جائے۔سندھ ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں