سندھ ہائی کورٹ 12

سندھ ہائیکورٹ: بھائی کے قتل کے ملزم کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ نے سجاول میں بھائی کو قتل کرنے کے مقدمے میں ملزم نور احمد کی سزائے موت کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ملزم کے خلاف قتل کا الزام قابل اعتماد شواہد کی بنیاد پر ثابت ہوتا ہے، تاہم عدالتی حکم پر قائم کیے گئے میڈیکل بورڈ نے ملزم کے سنگین ذہنی مرض میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ ذہنی بیماری جرم کے وقت ملزم کو مکمل قانونی استثنیٰ فراہم کرنے کے لیے کافی نہیں، تاہم ملزم کی ذہنی بیماری سزا کے تعین میں ایک اہم تخفیفی سبب بن سکتی ہے۔عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ دورانِ قید ملزم کا باقاعدگی سے نفسیاتی معائنہ کرایا جائے اور اس کے علاج اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔عدالت نے مزید حکم دیا کہ سزا مکمل ہونے سے قبل ملزم کو سرکاری نفسیاتی ادارے میں جامع طبی اور نفسیاتی معائنے کے لیے بھیجا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں