گورنر سندھ 11

زراعت پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، گورنر سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ زراعت پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، کسان مضبوط ہوں گے تو پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی۔ زرعی شعبے کو مضبوط بنانا غذائی تحفظ، دیہی خوشحالی اور پائیدار معاشی ترقی کیلئے قومی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) اور یونیورسل ایگری ٹریکٹر کمپنی (یو اے ٹی سی) کے درمیان شراکت داری کی دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ یو بی ایل اور یو اے ٹی سی کی شراکت داری کسانوں اور دیہی معیشت کے روشن مستقبل کیلئے اہم قدم ہے۔ جدید زرعی مشینری اور آسان مالی سہولتیں کسانوں کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔انہوں نے کہا کہ زرعی مشینی عمل کے ذریعے پیداوار میں اضافہ، پیداواری اخراجات میں کمی اور بروقت کاشت و برداشت ممکن ہوگی۔ یو بی ایل کی زرعی مالی معاونت اور یو اے ٹی سی کے ٹریکٹر سازی کے تجربے کا امتزاج کسانوں کیلئے مفید ثابت ہوگا۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ منافع کی شرح میں رعایت کے ذریعے مالی معاونت سے فراہم کیے جانے والے ٹریکٹرز پر کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔

جدید ٹیکنالوجی اور آسان مالی سہولتوں کو زیادہ سے زیادہ کسانوں تک پہنچانا ہوگا تاکہ زرعی شعبے کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ مالیاتی ادارے اور صنعتی شعبہ باہمی تعاون کے ذریعے زرعی معیشت کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں، جس سے نہ صرف کسانوں کی معاشی حالت بہتر ہوگی بلکہ ملکی غذائی تحفظ اور مجموعی معاشی ترقی کو بھی تقویت ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں