ذوالفقار علی شاہ 14

سندھ کی ثقافت مختلف مذاہب کے رنگوں سے خوبصورت ہے، ذوالفقار علی شاہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سندھ کی ثقافت اور دھرتی کی اصل خوبصورتی یہاں بسنے والے مختلف مذاہب کے رنگوں سے ہے۔

اقلیتی برادریوں نے سندھ کے تاریخی ورثے، علم و ادب اور فنِ تعمیر کو مالا مال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے قدیم تاریخی مقامات اور نوادرات مختلف تہذیبوں اور مذہبی رواداری کا منہ بولتا ثبوت ہیں، جبکہ صوفیائے کرام کے مزارات اور اقلیتی برادریوں کی عبادت گاہیں صدیوں سے باہمی احترام، امن اور رواداری کی علامت ہیں۔سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ محکمہ ثقافت اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے فنکاروں، ادیبوں اور دستکاروں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے۔

سندھ کی دھرتی پر ہر تہوار، چاہے وہ عید ہو، دیوالی ہو یا کرسمس، سب مل کر مناتے ہیں، یہی سندھ کی صدیوں پرانی رواداری اور محبت کی روایت ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تاریخی اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے اقلیتی برادریوں کے مقدس مقامات کا تحفظ کیا جا رہا ہے۔ تحریکِ پاکستان سے لے کر آج تک اقلیتی ہیروز کی قربانیاں ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نفرتوں کا خاتمہ اور امن کا فروغ ہی سندھ کی ثقافت کا اصل پیغام ہے۔ ہمیں اپنی دھرتی پر بسنے والے ہر شہری کے ثقافتی اور مذہبی تشخص پر فخر ہے اور سندھ ہمیشہ مذہبی رواداری، محبت اور بھائی چارے کی سرزمین رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں